فیفا کے مطابق یہ رقم 2022 میں قطر میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے مجموعی انعامی فنڈ 440 ملین ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے، جو عالمی فٹ بال میں ایک بڑا مالی اضافہ تصور کیا جا رہا ہے۔

آئندہ فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہوگا، جو نہ صرف انعامی رقم بلکہ ٹیموں کی تعداد کے اعتبار سے بھی ایک تاریخی ٹورنامنٹ ہوگا۔ اس ایونٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں شرکت کریں گی، جب کہ اس سے قبل ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں حصہ لیتی تھیں۔

یاد رہے کہ 2022 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن نے فائنل میں فرانس کو پنالٹیز پر شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، جس پر ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن کو 42 ملین ڈالر انعامی رقم ملی تھی۔ اس فائنل میں شکست کھانے والی فرانس کی ٹیم کو رنرز اپ کے طور پر 30 ملین ڈالر دیے گئے تھے۔

فیفا کے نظرثانی شدہ انعامی ڈھانچے کے تحت 2026 کے ورلڈ کپ میں فائنل میں شکست کھانے والی ٹیم کو 33 ملین ڈالر ملیں گے، جب کہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 29 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی باقی دو ٹیمیں 27 ملین ڈالر کی انعامی رقم حاصل کریں گی۔

گروپ مرحلے میں ناک آؤٹ ہونے والی ہر ٹیم کونوملین ڈالرز دیے جائیں گے، جب کہ ٹورنامنٹ کی تیاری کے اخراجات پورے کرنے کے لیے تمام 48 شریک ممالک کو مقابلے سے قبل اضافی 1.5 ملین ڈالر بھی ادا کیے جائیں گے۔

فیفا حکام کے مطابق اس ریکارڈ انعامی پیکج کا مقصد عالمی فٹ بال کو مزید فروغ دینا، چھوٹے ممالک کی حوصلہ افزائی کرنا اور ٹورنامنٹ میں شمولیت کو زیادہ مسابقتی بنانا ہے۔