تفصیلات کے مطابق میکسیکو سٹی کے تاریخی اور معروف ایسٹادیو ازٹیکا اسٹیڈیم میں ایک دلکش، ثقافتی اور یادگار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس نے دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

اب سے کچھ ہی دیر میں ٹورنامنٹ کا پہلا باقاعدہ میچ میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقہ کے درمیان اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے دوران اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں اور ٹی وی اسکرینوں کے سامنے بیٹھے کروڑوں شائقین کے جوش و خروش میں اس وقت مزید اضافہ ہو گیا جب دنیا کے معروف فنکاروں نے اپنی پرفارمنسز پیش کیں۔

تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں کولمبیا کی معروف گلوکارہ شکیرا اور نائجیریا کے گلوکار برنا بوائے کی پرفارمنس شامل تھی، جنہوں نے ٹورنامنٹ کا آفیشل گیت ڈائی ڈائی پہلی مرتبہ لائیو پیش کیا اور حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

اس کے علاوہ جے بالون اور ٹائلا کی جاندار پرفارمنسز نے تقریب کی رونق کو مزید بڑھا دیا، جب کہ اطالوی اوپیرا گلوکار اینڈریا بوسیلی کی دلکش آواز نے تقریب کو ایک کلاسیکی اور جذباتی رنگ عطا کیا۔

افتتاحی تقریب میں میکسیکن ثقافت کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ روایتی میکسیکن رقص، لوک موسیقی اور پاپیل پیکادو (کاغذی آرٹ) کے ذریعے لاطینی ثقافت کی خوبصورت جھلک پیش کی گئی۔

یاد رہے کہ افتتاحی میچ میکسیکو سٹی میں واقع ایسٹادیو ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں تقریباً 87 ہزار 523 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ آج اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایسٹادیو ازٹیکا دنیا کا پہلا اسٹیڈیم بن گیا ہے جس نے تین مختلف فیفا ورلڈ کپ (1970، 1986 اور 2026) کے افتتاحی میچوں کی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

سمندر کی سطح سے تقریباً 7 ہزار 300 فٹ بلند مقام پر واقع اس اسٹیڈیم میں کم آکسیجن کی وجہ سے موسمی حالات جنوبی افریقہ کی ٹیم کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔ اب تمام نظریں میدان پر مرکوز ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد ایک بار پھر افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔