سیمی فائنلز سے قبل ٹورنامنٹ میں تین روز کا وقفہ رکھا گیا ہے، جس دوران تمام ٹیمیں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی۔ اب دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا ارجنٹینا اپنا عالمی اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگا یا کوئی نئی ٹیم ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
پہلا سیمی فائنل تین بار کی عالمی چیمپئن فرانس اور 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں واقع ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ امریکی وقت کے مطابق 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق 15 جولائی کی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
The 2026 FIFA World Cup Semi Finals are set. 🏆
— 90 Plus (@90PlusHQ) July 12, 2026
🇫🇷 France 🆚 Spain 🇪🇸
🏴 England 🆚 Argentina 🇦🇷
Who reaches the Final? 👀 pic.twitter.com/wnL0N9GcUp
دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا مقابلہ 1966 کی عالمی چیمپئن انگلینڈ سے امریکی شہر اٹلانٹا میں ہوگا۔ یہ میچ امریکی وقت کے مطابق 15 جولائی کو سہ پہر 3 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق 16 جولائی کی شب 12 بجے کھیلا جائے گا۔
دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر ایسٹ ردرفورڈ میں ہونے والے فائنل میں ورلڈ کپ ٹائٹل کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل امریکی وقت کے مطابق 19 جولائی کو سہ پہر 3 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق 20 جولائی کی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل تیسری پوزیشن کا میچ سیمی فائنلز میں شکست کھانے والی ٹیموں کے درمیان امریکی شہر میامی میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ امریکی وقت کے مطابق 18 جولائی کی شام 5 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق 19 جولائی کی شب 2 بجے ہوگا۔
اب عالمی فٹبال کے چار بڑے دعویدار آخری معرکوں کے لیے تیار ہیں، جہاں آنے والے چند روز میں یہ فیصلہ ہوگا کہ ارجنٹینا اپنا عالمی تاج برقرار رکھتا ہے یا فرانس، اسپین یا انگلینڈ میں سے کوئی ایک نئی تاریخ رقم کرتا ہے۔






