سوال یہ ہے کہ موجودہ فارم، اسکواڈ، تجربے اور کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ورلڈ کپ جیتنے کا سب سے زیادہ امکان کس ٹیم کا ہے؟

4۔ ارجنٹینا

موجودہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا اب تک ٹورنامنٹ میں اپنی بہترین فارم دکھانے میں ناکام رہا ہے۔ اگرچہ لیونل میسی کی قیادت میں ٹیم مسلسل جیتتی رہی، لیکن بیشتر کامیابیاں انتہائی مشکل مقابلوں کے بعد حاصل ہوئیں۔ کیپ وردے، مصر، سوئٹزرلینڈ اور دیگر ٹیموں کے خلاف ارجنٹینا کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔

سوئٹزرلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں ٹیم تقریباً پورے میچ کے دوران خاطر خواہ مواقع پیدا نہ کر سکی اور اضافی وقت میں کامیابی حاصل کی۔

ماہرین کے مطابق اگر ارجنٹینا نے یہی کھیل جاری رکھا تو انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

3۔ انگلینڈ

انگلینڈ شاید ابھی تک اپنے بہترین کھیل سے بہت دور ہے، لیکن اس کے باوجود سیمی فائنل تک پہنچ چکا ہے۔ ہیڈ کوچ تھامس ٹوخیل بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کی ٹیم کئی مواقع پر خوش قسمت رہی، تاہم نوجوان اسٹار جوڈ بیلنگھم نے مسلسل شاندار کارکردگی دکھا کر ٹیم کو سنبھالا۔

بیلنگھم نہ صرف مڈفیلڈ کے قائد بن چکے ہیں بلکہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں بھی شامل ہیں۔ ارجنٹینا کے خلاف سیمی فائنل صرف ایک میچ نہیں بلکہ دونوں ممالک کی طویل فٹبال تاریخ کا ایک اور اہم باب ہوگا۔

2۔ اسپین

اسپین نے پورے ٹورنامنٹ میں سب سے منظم اور متوازن کھیل پیش کیا ہے۔ بیلجیم کے خلاف ایک گول کھانے سے پہلے اسپین مسلسل 649 منٹ تک کوئی گول نہیں کھایا، جو ورلڈ کپ کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔

لامین یامال، دانی اولمو، فیبیان روئز، فیران ٹوریس اور میکل میرینو کی موجودگی اسپین کو کسی بھی دفاع کے لیے خطرناک بنا دیتی ہے۔ اگرچہ فرانس کے خلاف سیمی فائنل اسپین کے لیے سب سے بڑا امتحان ہوگا، لیکن ٹیم مجموعی طور پر ٹورنامنٹ کی مضبوط ترین دفاعی لائن رکھتی ہے۔

1۔ فرانس

زیادہ تر ماہرین کی نظر میں اگر کوئی ٹیم اس وقت ورلڈ کپ جیتنے کی سب سے بڑی امیدوار ہے تو وہ فرانس ہے۔ کائلیان ایمباپے ایک بار پھر شاندار فارم میں ہیں، جبکہ مائیکل اولیزے، عثمان ڈیمبیلے، دیزیرے دوئے اور بریڈلی بارکولا پر مشتمل فرانسیسی اٹیک دنیا کی خطرناک ترین لائن اپ تصور کی جا رہی ہے۔

فرانس نے اب تک دفاع میں بھی صرف دو گول کھائے ہیں اور اس کی اسکواڈ کی گہرائی دیگر تمام ٹیموں سے بہتر سمجھی جا رہی ہے۔ اگر فرانس اسپین کو شکست دے دیتا ہے تو ماہرین کے مطابق ٹرافی جیتنے کا سب سے بڑا دعویدار بھی وہی ہوگا۔

سیمی فائنلز کا اصل معرکہ

پہلا سیمی فائنل ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جہاں لیونل میسی اور ہیری کین کی قیادت ایک بار پھر آمنے سامنے ہوگی۔

دوسرے سیمی فائنل میں دو یورپی طاقتیں، اسپین اور فرانس، آمنے سامنے ہوں گی، جسے کئی ماہرین  قبل از وقت فائنل  قرار دے رہے ہیں۔

ورلڈ کپ کون جیت سکتا ہے؟

موجودہ کارکردگی، اسکواڈ کی طاقت، فارم اور تجربے کو مدنظر رکھا جائے تو ممکنہ ترتیب کچھ یوں بنتی ہے، فرانس، اسپین، انگلینڈ اور ارجنٹینا۔

ورلڈ کپ اب ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ایک معمولی غلطی بھی ٹائٹل کی دوڑ ختم کر سکتی ہے۔ ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کرنا چاہتا ہے، انگلینڈ 60 سالہ انتظار ختم کرنے کے لیے پُرامید ہے، اسپین اپنی دوسری عالمی ٹرافی کی تلاش میں ہے، جب کہ فرانس تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کے خواب کے قریب کھڑا ہے۔

موجودہ فارم کو دیکھا جائے تو فرانس سب سے مضبوط امیدوار دکھائی دیتا ہے، تاہم ورلڈ کپ کی تاریخ یہی بتاتی ہے کہ فیصلہ ہمیشہ میدان میں ہوتا ہے، کاغذ پر نہیں۔