امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ کئی حوالوں سے منفرد ہوگا، کیونکہ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 48 ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی۔
ٹورنامنٹ میں شریک 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جب کہ ہر گروپ چار ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔ ایونٹ کے دوران مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔
ہر گروپ سے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جب کہ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ راؤنڈ آف 32 کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
دنیا کی صفِ اول کی ٹیمیں فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی، تاہم 2026 ورلڈکپ کی ممکنہ فاتح ٹیم کا تعین کرنا آسان نہیں۔ 48 ٹیموں کی شمولیت کے باعث مقابلہ پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور غیر یقینی ہو گیا ہے۔
اس صورتحال میں کھیلوں کے اعداد و شمار اور تجزیوں کے معروف ادارے اوپٹا کے سپر کمپیوٹر نے اپنی پیشگوئی جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ کون سی ٹیم ورلڈکپ ٹرافی جیتنے کی مضبوط امیدوار ہو سکتی ہے۔
اوپٹا سپر کمپیوٹر دراصل کوئی روایتی فزیکل کمپیوٹر نہیں بلکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایک جدید ماڈل ہے، جو کھیلوں کے مقابلوں کے نتائج کا تجزیہ اور پیشگوئی کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ ماڈل دستیاب اعداد و شمار کی بنیاد پر کسی بھی ٹورنامنٹ کو 10 ہزار سے زائد مرتبہ ڈیجیٹل طور پر سیمولیٹ کرتا ہے، جس کے بعد مختلف ٹیموں کے ٹورنامنٹ جیتنے، فائنل تک رسائی حاصل کرنے یا میچ میں کامیابی کے امکانات کا تخمینہ لگایا جاتا ہے۔
اوپٹا سپر کمپیوٹر نے 10 ہزار سے زائد سیمولیشنز کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ 2026 کا فیفا ورلڈکپ اسپین جیت سکتا ہے۔
سپر کمپیوٹر کے مطابق اسپین کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 16.1 فیصد ہیں، جو دیگر تمام ٹیموں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں۔
Find the Opta supercomputer projections for all 48 teams here.https://t.co/KEpReEkcIW
— Opta Analyst (@OptaAnalyst) June 1, 2026
اسپین کے بعد فرانس کو دوسری، انگلینڈ کو تیسری اور ارجنٹینا کو چوتھی مضبوط ترین امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ ان چاروں ٹیموں کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 10 فیصد سے زائد بتائے گئے ہیں۔
اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ کسی نئی ٹیم کے پہلی مرتبہ ورلڈکپ جیتنے کے امکانات محدود ہیں، کیونکہ صرف ایک تہائی سے کچھ زائد سیمولیشنز میں کسی نئی ٹیم کے چیمپئن بننے کا امکان سامنے آیا۔
48 ٹیموں کی شمولیت کے باعث سپر کمپیوٹر نے بے شمار ممکنہ منظرناموں کا جائزہ لیا، تاہم تمام تر غیر یقینی صورتحال کے باوجود اسپین کو واضح فیورٹ قرار دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسپین واحد بڑی ٹیم ہے جس کے کوارٹر فائنل تک نہ پہنچنے کے امکانات 52.1 فیصد ہیں۔ تاہم اگر اسپین کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات 39 فیصد اور فائنل میں رسائی کے امکانات 25.6 فیصد ہو جاتے ہیں۔
اوپٹا کے مطابق فرانس کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 13 فیصد، انگلینڈ کے 11.2 فیصد جبکہ ارجنٹینا کے 10.4 فیصد ہیں۔






