کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ لیگ کے آغاز سے اس کا حصہ رہنے کے باوجود خالی اسٹیڈیمز کا منظر مایوس کن ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی اصل کشش عوام کے جوش و خروش سے وابستہ ہے اور تماشائیوں کے بغیر میچز کا لطف ادھورا رہتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد اسٹیڈیمز دوبارہ بھرے نظر آئیں گے اور کرکٹ کا حقیقی ماحول واپس آئے گا۔

دیگر فرنچائز مالکان نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی ہے۔ ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر شائقین کی واپسی کے حامی ہیں۔

لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل شائقین کے بغیر ادھورا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے درخواست کی کہ اسٹیڈیمز کو شائقین کے لیے کھولا جائے۔

حیدرآباد کنگزمین کے مالک فواد سرور نے بھی کہا کہ لیگ میں پہلے ہی شائقین کی کمی محسوس ہو رہی ہے اور مزید انتظار ممکن نہیں۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کروڑوں شائقین کے جذبات سے جڑی ہے اور قومی یکجہتی کا ذریعہ بھی ہے، اس لیے تماشائیوں کی واپسی خوشی کے ماحول کو فروغ دے سکتی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی اور راولپنڈی ٹیم کے سی ای او احسن طاہر نے بھی وزیراعظم سے اپیل کی کہ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صاحبِ استطاعت افراد دوسروں کی مدد کر کے انہیں بھی میچز دیکھنے کا موقع فراہم کر سکتے ہیں۔

فرنچائز مالکان کا مشترکہ مؤقف ہے کہ شائقین کے بغیر پی ایس ایل کی فضا اور دلچسپی متاثر ہو رہی ہے اور لیگ اپنی مکمل روح کے ساتھ سامنے نہیں آ پا رہی۔

واضح رہے کہ حکومت نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث اختیار کیے گئے کفایت شعاری اقدامات کے تحت پی ایس ایل کے موجودہ ایڈیشن کو تماشائیوں کے بغیر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔