شاداب خان نے آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کرس گرین کی جگہ کپتانی سنبھالی ہے، جنہیں ابتدائی طور پر ٹیم کا کپتان نامزد کیا گیا تھا، تاہم انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کے دوران ہاتھ میں چوٹ لگنے کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے۔
گلوبل سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن 23 جولائی سے یکم اگست تک کھیلا جائے گا۔
ڈیزرٹ وائپرز نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شاداب خان کی بطور کپتان تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ وائپرز کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تیار، شاداب خان جی ایس ایل 2026 کے لیے ہمارے کپتان ہیں۔
ادھر جنوبی افریقا کے تجربہ کار ٹاپ آرڈر بلے باز ریلی روسو کو کرس گرین کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے اسکواڈ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل، امریکا کے اینڈریس گوس، پاکستان کے خزیمہ بن تنویر اور دیگر بین الاقوامی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
شاداب خان اس سے قبل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی کامیاب قیادت بھی کر چکے ہیں۔ ان کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ انہوں نے اب تک بطور کپتان 69 میچوں میں 40 فتوحات حاصل کی ہیں، جبکہ ان کی کامیابی کا تناسب 57.97 فیصد ہے۔
گلوبل سپر لیگ 2026 میں پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی، جب کہ ٹورنامنٹ کے تمام 11 میچز گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔






