ایف آئی ایچ کے مطابق ہاکی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے مصر، انڈیا اور چلی میں کھیلے جائیں گے۔ چلی میں مردوں اور خواتین دونوں کے ایونٹس منعقد ہوں گے، جب کہ انڈیا میں صرف خواتین کا کوالیفائنگ ایونٹ ہوگا۔
پاکستان ہاکی ٹیم مصر میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کرے گی۔ مصر میں ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرز یکم سے سات مارچ تک شہر اسماعیلیہ میں کھیلے جائیں گے۔
اس کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ مصر، انگلینڈ، ملائیشیا، جاپان، آسٹریا، چین اور امریکا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ چین، ملائیشیا اور آسٹریا سے ہوگا۔
شیڈول کے مطابق پاکستان یکم مارچ کو چین، دو مارچ کو ملائیشیا اور چار مارچ کو آسٹریا کے خلاف میدان میں اترے گا۔
مردوں کے دونوں کوالیفائنگ ایونٹس سے تین، تین ٹیمیں براہِ راست ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی، جب کہ بہترین رینکنگ حاصل کرنے والی چوتھی پوزیشن کی ٹیم کو بھی 2026 کے ورلڈ کپ میں جگہ ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ساف فٹسال چیمپین شپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی
واضح رہے کہ ہاکی ورلڈ کپ 2026 اگست میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں منعقد ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ میزبان ممالک بیلجیئم اور نیدرلینڈز پہلے ہی کوالیفائی کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا اور اسپین نے پرو لیگ، ارجنٹائن نے پین امریکن کپ، انڈیا نے ایشیا کپ، نیوزی لینڈ نے اوشیانا کپ، جرمنی نے یورپین چیمپئن شپ، جب کہ جنوبی افریقہ نے افریقی چیمپئن شپ جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔






