چیف سلیکٹر اولمپیئن سمیع اللہ اور ان کی سلیکشن کمیٹی ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا انتخاب کرے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جوائنٹ سیکریٹری اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی نے بتایا ہے کہ بیلجیئم اور انگلینڈ میں ایف آئی ایچ پرو لیگ کے اختتام پر قومی ہاکی ٹیم کے ٹرائلز دوبارہ لیے جائیں گے۔

عماد شکیل بٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل فیڈریشن ان کی فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لے گی، جس کے بعد انہیں کپتان برقرار رکھنے یا نیا کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اصلاح الدین صدیقی نے مزید کہا کہ عماد شکیل بٹ کو طویل مدت کے لیے کپتان مقرر نہیں کیا گیا، بلکہ ان کی تقرری سیریز ٹو سیریز بنیادوں پر کی جاتی ہے۔

واضح رہے کہ 30 سالہ عماد شکیل بٹ اس وقت قومی ہاکی ٹیم کے کپتان ہیں۔ وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 178 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 15 گول اسکور کیے ہیں۔

مڈفیلڈر عماد شکیل بٹ 2024 سے قومی ہاکی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، جب کہ ان کی سربراہی میں پاکستان ہاکی ٹیم بیلجیئم اور انگلینڈ میں ہونے والی ایف آئی ایچ پرو لیگ میں بھی شرکت کرے گی۔

ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ رواں سال اگست میں نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں منعقد ہوگا۔