دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ فیصلہ کن معرکہ دونوں ٹیموں کے لیے اعصابی جنگ ثابت ہوا، تاہم انڈیا نے 147 رنز کا ہدف 19.4 اوورز میں حاصل کیا۔

انڈیا کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر تلک ورما نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 69 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

ان کی پراعتماد بیٹنگ نے انڈیا کو مشکل حالات میں فتح کے قریب پہنچایا۔ ان کا ساتھ دینے والے شیوم دھوبے نے 33 رنز اور سنجو سیمن نے 24 رنز بنائے، جنہوں نے درمیانی اوورز میں اننگز کو سنبھالا اور ہدف کو قریب لانے میں مدد کی۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف سب سے کامیاب باؤلر رہے، انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں اور انڈین بیٹنگ لائن کو ابتدائی دھچکے دیے۔ ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، جنہوں نے تین اعشاریہ چار اوورز میں 50 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے، جس سے میچ کا توازن انڈیا کے حق میں چلا گیا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر لڑکھڑا گئی تھی، جہاں 19 اوورز میں دس وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے سب سے نمایاں اننگز کھیلتے ہوئے 57 رنز بنائے لیکن دیگر بلے باز توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔

صائم ایوب ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 11 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کا شکار بنے۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر فخر زمان نے 35 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے، مگر وہ بھی کیچ آؤٹ ہو کر ٹیم کو مشکلات میں چھوڑ گئے۔ حسین طلعت صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے جب کہ کپتان سلمان علی آغا اٹھ رنز کی معمولی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کھاتہ کھولے پویلین واپس لوٹ گئے، جب کہ حارث رؤف چھ رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس طرح پاکستان کی ٹیم ایک مستحکم آغاز کے باوجود آخری اوورز میں مکمل طور پر دباؤ میں آ گئی۔

اوپنرز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نا ہوسکا۔

انڈیا کی جانب سے اسپنر کلدیپ یادو نے 30 رنز دے کر چاراہم وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ اکسر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے دو، دو وکٹیں لے کر پاکستانی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر بکھیر دیا۔

پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی قومی اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، صاحب زادہ فرحان، صائم ایوب، محمد حارث شامل ہیں، محمد نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد بھی فائنل الیون میں شامل ہیں۔۔