تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے تینوں پلے آف میچز کے دوران بھی شائقینِ کرکٹ کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی۔ اس حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نے کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے والے تمام پلے آف میچز کے لیے تماشائیوں کی شرکت کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ شائقین اسٹیڈیم آنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں تاکہ ٹریفک کے مسائل سے بچا جا سکے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ کے لیے بھی تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ کا پلے آف مرحلہ کل سے شروع ہوگا۔ کراچی میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدِ مقابل ہوں گی۔

اس کے بعد بدھ کو لاہور میں پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگز اور ملتان سلطانز کا مقابلہ ہوگا، جب کہ دوسرا ایلیمنیٹر یکم مئی کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل 11 کا فائنل تین مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔