ایشیا کپ کے فائنل سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھاکہ فائنل میچ کے لیے ٹیم کمبی نیشن پچ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر فائنل کیا جائے گا۔ ٹیم میں فاسٹ باؤلرز یا اسپنرز کو شامل کرنے کا فیصلہ کنڈیشنز کی بنیاد پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان وہ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ کے اندر آزادی دیتے ہیں، مگر کسی کو اجازت نہیں کہ وہ کسی کی توہین کرے یا ایسا کوئی عمل کرے جو ملک کے لیے نقصان دہ ہو۔

ہینڈ شیک کے حوالے سے ایک سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ 2007 سے پروفیشنل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور آج تک کسی میچ میں ایسا نہیں دیکھا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں ہاتھ نہ ملائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیاکے تعلقات ماضی میں بھی کشیدہ رہے ہیں مگر کھلاڑیوں کے درمیان ہمیشہ کھیل کے دائرے میں احترام رہا ہے۔

Featured image (3) (93)
پاکسات اور انڈیا کے کھلاڑیوں کے درمیان ہمیشہ کھیل کے دائرے میں احترام رہا ہے، سلمان علی (فوٹو گوگل)

ان کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ کے باہر کیا ہو رہا ہے، یہ ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، چاہے وہ میڈیا ہو یا کوئی اورہم صرف وہی چیز کنٹرول کر سکتے ہیں جو ہمارے دائرہ اختیار میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائنل کے لیے ہم پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور آپ انشااللہ پاکستان کو جیتتا ہوا دیکھیں گے۔

کپتان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہم شاید اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیل سکے، لیکن ہو سکتا ہے کہ ہم نے اپنا بہترین کھیل فائنل کے لیے ہی سنبھال رکھا ہو، جو سب کو کل دکھائی دے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ فائنل سے قبل انڈین  ٹیم کو ممکنہ دھچکا، ایک اہم کھلاڑی کی شرکت ’مشکوک‘ ہوگئی

انہوں نے کہا کہ بطور بیٹر سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اور یہ وقت ہے کہ ٹیم مجموعی طور پر پرفارم کرے۔

ٹاس سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اب تک ٹاس سے کسی میچ پر کوئی خاص اثر نہیں دیکھا گیا، اور کوئی بھی ٹیم اس بنیاد پر حکمت عملی ترتیب نہیں دیتی، کل بھی یہی صورتحال ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے پلان کے مطابق صرف 20اوورز بھی اچھا کھیلیں تو کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتے ہیں۔

Featured image (3) (94)
 صائم ایوب اگلے 10 سال تک پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہے، سلمان علی آغا (ٖفوٹو ایکس)

ٹرافی فوٹو شوٹ میں شرکت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ جو ٹیم آنا چاہے آئے، نہ آنا چاہے نہ آئے، ہم اپنے پروٹوکول کے مطابق ہی کام کریں گے اور اس میں کوئی دورائے نہیں۔

صائم ایوب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے، جو اگلے 10 سال تک پاکستان کی نمائندگی کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صائم نے فیلڈنگ اور باؤلنگ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہےماور اگرچہ وہ بیٹنگ میں ابھی تک پرفارم نہیں کر سکا، لیکن امید ہے فائنل میں وہ ضرور کچھ نمایاں کریں گے۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا فوکس صرف کرکٹ پر ہے اور ہم یہاں کسی کو جواب دینے نہیں بلکہ ٹائٹل جیتنے آئے ہیں۔