19 اگست کو انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان متعدد مواقع پر تلخی دیکھنے میں آئی، جبکہ میچ 2-2 سے برابر رہا۔

میجر لیگ سوکر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لیگ کی ڈسپلنری کمیٹی نے انٹر میامی کے فارورڈ لیونل میسی پر حریف کھلاڑی پر ہاتھ اٹھانے پر جرمانہ عائد کیا ہے، تاہم جرمانے کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔

میچ کے دوران میسی اور فلاڈیلفیا یونین کے مڈفیلڈر کوئن سلیوان کے درمیان بھی تلخی ہوئی۔ میسی کا مؤقف تھا کہ گیند پاس کرنے کے بعد سلیوان نے انہیں کہنی ماری تھی۔

ریفری نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کیا، تاہم دونوں کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔ بعدازاں میسی نے کوئن سلیوان کی گردن پر ہلکا سا تھپڑ مارا، جس کے بعد دونوں کھلاڑی ایک بار پھر آمنے سامنے آگئے اور ریفری نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو میں کیا۔

میجر لیگ سوکر کی پالیسی کے مطابق میچ کے دوران مخالف کھلاڑی کے چہرے، سر یا گردن پر ہاتھ لگانا ڈسپلنری خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ اسی پالیسی کی خلاف ورزی پر میسی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

میسی کے علاوہ انٹر میامی کے کھلاڑی ایان فری پر بھی کوئن سلیوان کے ساتھ الجھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی اور اضافی وقت کے دوران ہاتھا پائی کے بعد انٹر میامی کے یانک برائٹ اور فلاڈیلفیا یونین کے کیون سلیوان کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا، تاہم نظرثانی کے بعد کیون سلیوان کا ریڈ کارڈ واپس لے لیا گیا۔

میچ میں دونوں ٹیموں نے دو، دو گول کیے۔ لیونل میسی نے انٹر میامی کی جانب سے ایک گول بھی اسکور کیا۔

واضح رہے کہ میجر لیگ سوکر امریکا اور کینیڈا کی اعلیٰ ترین پروفیشنل فٹ بال لیگ ہے۔ حالیہ برسوں میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی آمد کے باعث لیگ کی بین الاقوامی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

لیونل میسی 2023 میں انٹر میامی کا حصہ بنے تھے، ان کے ساتھ ٹیم میں فرانسیسی کلب بارسلونا کے پرانے ساتھی سرجیو بسکیٹس اور لوئس سواریز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جورڈی البا بھی انٹر میامی کلب کا حصہ ہیں۔