دورے کے دوران محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں، انکلوژرز، تماشائیوں کی سہولیات اور دیگر مجوزہ انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں اسٹیڈیم کی تعمیر، گنجائش، بین الاقوامی معیار کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں اور منصوبے کی تکمیل کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کا مقصد سعودی عرب میں کرکٹ کے لیے جدید ترین سہولیات فراہم کرنا اور ملک کو مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کے قابل بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا تاکہ مختلف بین الاقوامی ایونٹس کا کامیاب انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر اس کھیل کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سعودی عرب مستقبل قریب میں بین الاقوامی کرکٹ میچز اور بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مؤثر اور دور رس اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو اس کھیل کے مستقبل کے لیے نہایت اہم ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور سعودی عرب کا جدہ میں بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم بنانے پر اتفاق، مفاہمتی یادداشت پر دستخط

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، کوچنگ، تکنیکی معاونت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کرکٹ کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور اس سے خطے میں کھیل کے فروغ کو بھی تقویت ملے گی۔

چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور کرکٹ کے میدان میں مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا،  سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی کے سفر کا حصہ بننا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے باعثِ فخر ہے۔