کرکٹ جنوبی افریقہ کے مطابق لنگی نگیڈی رواں ہفتے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ کے دوران دائیں ران کے پٹھے کی انجری کا شکار ہوئے، جس کے باعث وہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
کرکٹ جنوبی افریقہ نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ بدھ کو کیے گئے اسکینز کے بعد لنگی نگیڈی بحالی کے مرحلے سے گزریں گے۔
لنگی نگیڈی کی انجری جنوبی افریقہ کے لیے اس لیے بھی اہم نقصان ہے کیونکہ کگیسو ربادا اور اوٹنیل بارٹمین بھی ران کے پٹھوں کی انجریز کے باعث پہلے ہی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔
تین اہم فاسٹ بولرز کی عدم دستیابی کے باعث جنوبی افریقہ کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں اپنے بولنگ اٹیک میں تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔
20 سالہ فاسٹ بولر نکوپانی موکوینا کو لنگی نگیڈی کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ موکوینا نے گزشتہ ہفتے نمیبیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
کگیسو ربادا کے متبادل کے طور پر جیرالڈ کوئٹزی کی بھی تقریباً 3 سال بعد جنوبی افریقہ کے ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ اوٹنیل بارٹمین کی جگہ ڈوان جانسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز جمعرات 24 ستمبر کو ڈربن میں ہوگا۔ سیریز کے دیگر دونوں میچز بھی جنوبی افریقہ میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان اکتوبر میں 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی شیڈول ہے۔







