جوز بٹلر نے سری لنکا کے خلاف کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ بٹلر نے ایشان ملنگا کی گیند پر ایک رن لے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنے 15 ہزار رنز مکمل کیے۔
اس سنگ میل کے ساتھ ہی جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
جوز بٹلر نے یہ کارنامہ 528 میچز میں انجام دیا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 35.46 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 147.46 ہے۔ وہ اب تک 9 سنچریاں اور 107 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں۔
کیرون پولارڈ 14 ہزار 999 رنز کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پولارڈ نے یہ رنز 754 میچز میں بنائے ہیں۔
انگلینڈ کے ہی الیکس ہیلز 14 ہزار 581 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ہیلز نے یہ مجموعہ 537 میچز میں حاصل کیا۔
ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راؤنڈر کرس گیل 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے یہ رنز 463 میچز میں اسکور کیے۔
آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 14 ہزار 284 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ وارنر نے یہ مجموعہ 439 میچز میں حاصل کیا ہے۔
یوں جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 15 ہزار رنز کا منفرد سنگ میل عبور کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی رنز کے اعتبار سے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کرلیا۔







