گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے واحد کانسی کا تمغہ خاتون باکسر فاطمہ زہرا نے جیتا، جب کہ مرد باکسرز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ اس دوران کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باکسر قدرت اللہ خراب کارکردگی کے بعد گلاسگو میں مبینہ طور پر لاپتا ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے پاکستانی باکسر قدرت اللہ پاکستان واپس آنے والی پرواز میں سوار نہیں ہوئے۔ اتوار کو گیمز کے اختتام کے بعد پاکستان باکسنگ ٹیم وطن واپسی کے لیے گلاسگو سے روانہ ہو گئی، تاہم قدرت اللہ ٹیم کے ہمراہ سفر نہیں کر رہے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم گلاسگو سے وطن واپس روانہ ہو چکی ہے، جب کہ قدرت اللہ نے مبینہ طور پر
واپسی سے گریز کیا۔
صدر پاکستان باکسنگ فیڈریشن کرنل (ر) ناصر تونگ نے کہا کہ انہیں کسی باکسر کے غائب ہونے کی اطلاع نہیں، تاہم ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ قدرت اللہ ٹیم کے ساتھ واپس نہیں آئے۔
واضح رہے کہ 2022 میں انگلینڈ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے دوران بھی پاکستان کے دو باکسر مبینہ طور پر روپوش ہو گئے تھے۔







