چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری محمد یعقوب کے مطابق انڈین والی بال فیڈریشن نے باضابطہ طور پر پاکستان والی بال فیڈریشن سے رابطہ کرتے ہوئے حکومتی سیکیورٹی کلیئرنس جاری کرنے کی درخواست کی ہے، تاکہ انڈین ٹیم پاکستان آمد اور ویزوں کے حصول کے لیے اپنی حکومت سے منظوری حاصل کر سکے۔
چوہدری محمد یعقوب نے بتایا کہ بھارتی ٹیم نے پاکستان آ کر چیمپئن شپ میں شرکت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد اس معاملے پر متعلقہ حکومتی اداروں سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انڈین ٹیم چیمپئن شپ میں شرکت کرتی ہے تو اس سے نہ صرف ٹورنامنٹ کی اہمیت میں اضافہ ہوگا بلکہ شائقین کی دلچسپی بھی مزید بڑھے گی۔
کاوا سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ 22 سے 29 جولائی تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی، جس میں 10 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ میں افغانستان، بنگلا دیش، نیپال، ترکمانستان، کرغزستان، قازقستان، مالدیپ، سری لنکا، انڈیا اور میزبان پاکستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔






