پیٹ کمنز کو ابتدا میں عارضی اسکواڈ میں رکھا گیا تھا تاکہ وہ فٹنس بحال کر سکیں، تاہم تازہ میڈیکل رپورٹس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے آخری بار دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ممکنہ طور پر آئی پی ایل تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔ سلیکٹرز کے مطابق ٹیم کی ضروریات اور کھلاڑی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

بین ڈوارشوئس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں اور اچھی فیلڈنگ کے ساتھ نچلے نمبروں پر بیٹنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

دوسری جانب میتھیو شارٹ کو خراب فارم کے باعث اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ میٹ رینشا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ رینشا نے حالیہ وائٹ بال میچز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

آسٹریلوی سلیکٹر ٹونی ڈوڈی مائیڈ نے کہا کہ پیٹ کمنز کو مزید وقت درکار ہے، جبکہ بین ڈوارشوئس ایک مناسب متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کی اسپن کنڈیشنز میں میٹ رینشا مڈل آرڈر میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اسٹیون اسمتھ کو بھی حتمی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 اسکواڈ میں مچل مارش (کپتان)، زیویئر بارٹلیٹ، کوپر کونولی، ٹِم ڈیوڈ، بین ڈوارشوئس، کیمرون گرین، نیتھن ایلس، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میٹ کوہنیمن، گلین میکسویل، میٹ رینشا، مارکس اسٹوئنس اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔