انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق اطلاعات ہیں کہ ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے ساتھ 2026 کے سیزن کے لیے نیا کمرشل معاہدہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کے لیجنڈری کھلاڑی ویرات کوہلی کے آئی پی ایل میں مستقبل کے حوالے سے سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ کوہلی آئی پی ایل سے بھی ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں۔البتہ، کوہلی یا رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب مداح سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کا شکریہ ادا کرتے نظر آرہے ہیں کہ انہوں نے برسوں تک آر سی بی کے لیے شاندار خدمات انجام دیں۔

انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے مبینہ طور پر آر سی بی کے ساتھ نیا کمرشل معاہدہ اس لیے نہیں کیا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو فرنچائز کا نیا چہرہ بننے کا موقع مل سکے۔تاہم اس فیصلے کا یہ مطلب نہیں کہ کوہلی ٹیم یا آئی پی ایل سے الگ ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے آئی پی ایل کے مسلسل 18 سیزنز میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کی ہے اور رواں سال پہلی بار آر سی بی نے آئی پی ایل کی ٹرافی جیتی ہے۔