فائنل میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ کپتان عباس آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 11 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ عبدالصمد نے 42 اور خواجہ نافع نے 22 رنز جوڑے۔

ہدف کے تعاقب میں کویت کی ٹیم آخری اوور کی پہلی گیند پر 92 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جب کہ محمد شہزاد، عباس آفریدی اور عبدالصمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے چھٹی بار ہانگ کانگ سکسز کا ٹائٹل جیتا ہے، قومی ٹیم اس سے قبل 2011 میں چیمپئن بنی تھی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے مہارت، جذبے اور ٹیم ورک کا شاندار مظاہرہ کیا ہے، پوری قوم ٹیم کی اس کامیابی پر فخر محسوس کرتی ہے۔