کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے مزید دو ہفتے دیے گئے ہیں اور وہ ٹیم کے ساتھ برسبین میں موجود رہتے ہوئے اپنی تیاری جاری رکھیں گے، جب کہ عثمان خواجہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں مگر انہیں میچ سے قبل اپنی فٹنس ثابت کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو ایشیز سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے اور ابتدائی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پیٹ کمنز نے حال ہی میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھرپور ٹریننگ کی جہاں انہوں نے اسٹینڈ اِن کپتان سٹیون سمتھ کے ساتھ بولنگ کی۔ توقع کی جارہی ہے کہ وہ ایڈیلیڈ میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں واپسی کریں گے۔

دوسری جانب گزشتہ ٹیسٹ میں پیٹھ کی تکلیف کے باوجود عثمان خواجہ اسکواڈ میں برقرار ہیں، جب کہ ٹریوس ہیڈ نے اوپننگ میں 83 گیندوں پر 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی جگہ مزید مضبوط کرلی ہے، جس کے بعد انہیں مستقل اوپنر بنانے کی بحث جاری ہے۔

پیٹ کمنز کی عدم موجودگی میں گزشتہ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے برینڈن ڈوگیٹ ایک بار پھر مچل اسٹارک اور سکاٹ بولینڈ کے ساتھ پیس اٹیک کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

آسٹریلوی ٹیم اتوار کو برسبین پہنچے گی، جب کہ دوسرا ایشیز ٹیسٹ 4 دسمبر سے شروع ہوگا، جس کے لیے آسٹریلیا کا اعلان کردہ اسکواڈ سٹیون سمتھ، سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، برینڈن ڈوگیٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لابوشین، نیتھن لیون، مائیکل نیسر، مچل اسٹارک، جیک ویذرالڈ اور بیو ویبسٹر پر مشتمل ہے۔