کولمبو میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سنسنی خیز فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے فہیم اشرف نے کہا کہ انہیں اس اننگز کا اندازہ نہیں تھا، رنز نہیں بن رہے تھے لیکن دباؤ محسوس نہیں ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹ میں یہ ان کی بہترین اننگز ہے اور یہ صرف ان کی نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک یادگار اننگز ہے۔

فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں کھیلی جانے والی ہر اننگز یادگار ہوتی ہے، جب بھی ٹیم اور پاکستان کے لیے کچھ اچھا ہوتا ہے تو وہ ہمیشہ یاد رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بولنگ کا موقع نہ بھی ملے تو اس سے فرق نہیں پڑتا، جب بھی موقع ملے بہترین کارکردگی دکھانا ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ پر شروع میں اسپن کو مدد مل رہی تھی، وقت گزرنے کے ساتھ پچ فاسٹ بولرز کے لیے بہتر ہوتی گئی، اسی لیے اسپنرز کو زیادہ بولنگ ملی۔ بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی بھرپور کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وکٹیں گرنے کی وجہ سے ایسی صورتحال بنی، ٹیم کو پارٹنرشپ کی ضرورت تھی، اگر شراکت قائم ہو جاتی تو میچ اتنا مشکل نہ ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پچ پر شروع میں اسپن کو مدد مل رہی تھی، وقت گزرنے کے ساتھ پچ فاسٹ بولرز کے لیے بہتر ہوتی گئی، اسی لیے اسپنرز کو زیادہ بولنگ ملی۔ بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی بھرپور کوشش کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ، پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست

قومی آل راؤنڈر نے شائقین سے اپیل کی کہ ٹیم کو سپورٹ کریں اور دعا کریں کیونکہ ہم پاکستان کے لیے خوشیاں لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ایک ہی وقت میں سب کھلاڑی پرفارم نہیں کرتے، جو آج نہیں کر سکے وہ آئندہ بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ٹیم میچ جیت گئی، یہی ہمارے لیے اطمینان کا باعث ہے۔

واضح رہے کہ کولمبو میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اچھی شروعات کی تاہم مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا اور میچ آخری اوورز میں جا کر پھنس گیا۔

پاکستان کو آخری دو اوورز میں 29 رنز درکار تھے، ایسے میں فہیم اشرف نے 19ویں اوور میں تین شاندار چھکوں کی مدد سے 24 رنز بٹور کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔

انہوں نے آخری اوور میں چوکا مار کر پاکستان کو شکست سے بچایا اور 11 گیندوں پر ناقابل شکست 29 رنز بنا کر گرین شرٹس کو 3 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ شاہین شاہ آفریدی بھی ان کے ساتھ 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے 47، صائم ایوب نے 24 اور بابر اعظم نے 15 رنز اسکور کیے۔ شاندار فتح گر اننگ پر فہیم اشرف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

فتح کے بعد فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ ٹیم کی جیت پر بہت خوشی ہے، ہم جیت کے لیے پُرعزم تھے اور گزشتہ ایک سال سے اسی انداز کی کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں۔