عالمی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق، ہنگری کے خلاف میچ  سے برابر رہا، حالانکہ رونالڈو کے دو گولز نے پرتگال کو برتری دلا دی تھی۔ اگر پرتگال یہ میچ جیت جاتا تو وہ اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ یقینی بنا لیتا، تاہم اب ٹیم کو اگلے میچز کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔

چار میچوں کے بعد پرتگال کے 10 پوائنٹس ہیں اور وہ دوسرے نمبر پر موجود ہنگری سے پانچ پوائنٹس آگے ہے، جب کہ دونوں ٹیموں کے دو، دو میچ باقی ہیں۔

رونالڈو نے میچ کے 22ویں منٹ میں گول داغا، جس کے ساتھ انہوں نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ ان کا 40واں گول تھا، جس سے انہوں نے گواتی مالا کے سابق اسٹرائیکر کارلوس رُوئز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کچھ دیر بعد انہوں نے ایک اور گول کر کے اپنے کوالیفائنگ گولز کی تعداد 41 تک پہنچا دی۔

یہ ریکارڈ رونالڈو کے بین الاقوامی کیریئر کا ایک اور سنگِ میل ہے، وہ اب تک اپنے ملک کے لیے 143 بین الاقوامی گولز کر چکے ہیں۔

میچ کے بعد رونالڈو کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی اچھا کھیل رہے ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں  اس لیے وہ  چند سال اور کھیلنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے سال ورلڈ کپ جیتناان کا سب سے بڑا خواب ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کارلوس رُوئز کے پاس تھا، جنہیں دی لٹل فِش کے لقب سے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے گواتی مالا کے لیے 47 کوالیفائنگ میچوں میں 39 گول کیے تھے۔

دوسری جانب رونالڈو کے دیرینہ حریف لیونل میسی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے ارجنٹینا کے لیے 72 کوالیفائنگ میچوں میں 36 گولز اسکور کیے ہیں۔