نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ماؤنٹ ماؤنگانوئی کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے دن نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اوپنرز ڈیون کانوے اور ٹام لیتھم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔

میچ کے پہلے دن کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 334 رنز اسکور کیے۔ ڈیون کانوے نے ناقابلِ شکست 178 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ ان کے اوپننگ پارٹنر اور کپتان ٹام لیتھم نے 137 رنز بنائے۔

اس دوران دونوں اوپنرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے 323 رنز کی شراکت قائم کی، جو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت داری ہے۔ اس تاریخی کارنامے کے ساتھ کانوے اور لیتھم نے انڈین اوپنرز روہت شرما اور ماینک اگروال کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف پہلی وکٹ کے لیے 317 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

کیوی اوپنرز کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں ایک نئی مثال بھی قائم کر دی۔