قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسری اننگز کے چوتھے روز زیر کرتے ہوئے 93 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پہلے ٹسیٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 277 رنز کا ہدف دیا ، جس کے جواب میں پروٹیز کی ٹیم 183 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، جب کہ قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں چار چار اور ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 378 رنز بنائے، جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 269 رنز بنائے اور پاکستان کو 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

دوسری اننگز کے تیسرے روز میزبان ٹیم صرف 167 رنز کا اضافہ کر سکی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔

چوتھے دن کھیل کا آغاز جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز سے کیا۔ ریان ریکلٹن 29 اور ٹونی ڈی زورزی 16 رنز پر کھیل رہے تھے۔

ٹونی ڈی زورزی چوتھے دن کی تیسری ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے، جب کہ ریان ریکلٹن 45 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ٹرسٹن اسٹبس محض دو رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس نے پاکستانی باؤلرز کو خوب پریشان کیا اور ایسا لگ رہا تھا کہ اگر وہ کچھ دیر اور کریز پر موجود رہتے تو میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل جاتا، مگر نعمان علی نے تجربے کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں بولڈ کر دیا۔

وہ 54 گیندوں پر 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جن میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔

نعمان علی نے مجموعی طور پر میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے پانچ، شاہین شاہ آفریدی نے چار اور ایک وکٹ سلمان علی آغا کے حصے میں آئی۔

پہلی اننگز میں امام الحق، شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 378 رنز بنائے تھے، جب کہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسوامی نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 269 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پروٹیز کی جانب سے ٹونی ڈی زورزی نے 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ ریان ریکلٹن نے 71 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے نعمان علی نے چھ اور ساجد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ پر 109 رنز کی برتری حاصل کرنے کے باوجود قومی ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 167 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بابراعظم نے 42 اور عبداللہ شفیق نے 41 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں چھ وکٹیں لینے والے متھوسوامی نے دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ سمون ہارمر کے حصے میں چار اور کاگیسو ربادا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یاد رہے کہ یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے، جس میں پاکستان نے پہلا میچ جیت کر قیمتی پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔