تیسرے روز پاکستان نے 109 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا مگر بلے باز ایک بار پھر ناکام رہے۔
پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق اور شان مسعود اس بار بالترتیب صفر اور سات رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 64 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 42 رنز کی اننگز کھیلی مگر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے سعود شکیل نے دوسری اننگز میں 38 رنز بنائے، جب کہ محمد رضوان 14، سلمان علی آغا چار، شاہین آفریدی صفر، نعمان علی 11 اور ساجد خان ایک رن بنا سکے۔
پاکستان کی آخری پانچ وکٹیں صرف 17 رنز کے اضافے سے گریں اور پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
Pakistan lose fourth wicket as the 55-run partnership between Babar Azam and Saud Shakeel ends 🏏#PAKvSA | #GreenPeYaqeen pic.twitter.com/LSIrBsyQaf
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 14, 2025
جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کرنے والے سینوران متھوسوامی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سمون ہارمر نے چاراور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے تیسرے دن کے آغاز پر چھوکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے تھے۔
ٹونی ڈی زورزی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 162 گیندوں پر 100 رنز بنائے، جن میں 10 چوکے اور دوچھکے شامل تھے۔
تاہم وہ 261 کے مجموعی اسکور پر نعمان علی کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نعمان علی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 82 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں ،جب کہ ساجد خان کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پہلی اننگز میں امام الحق، شان مسعود، محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی نصف سنچریوں کی بدولت قومی ٹیم 378 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی، جبکہ جنوبی افریقہ کے متھوسوامی نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اب جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 277 رنز درکار ہیں جب کہ پاکستان کو جیت کے لیے آٹھ وکٹیں کی ضرورت ہے۔







