قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے تھے۔ دوسرے روز محمد رضوان 62 اور سلمان علی آغا 52 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگز 110.4 اوورز میں 378 رنز پر مکمل ہوئی۔

محمد رضوان 362 کے مجموعی اسکور پر 75 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد اسی اوور میں نعمان علی اور ساجد خان بھی کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ تینوں کھلاڑیوں کو سینورن متھو سامی نے آؤٹ کیا۔

دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا اور امام الحق 93، 93 رنز کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹاپ اسکورر رہے، جب کہ کپتان شان مسعود نے 76 رنز بنائے۔ بابر اعظم 23، عبداللہ شفیق 2 اور سعود شکیل صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ شاہین آفریدی نے 7 رنز بنائے جب کہ حسن علی نے تین گیندوں کا سامنا کیا مگر کوئی رن نہ بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں سینورن متھو سامی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ پیرنیلن سبریٹز نے دو اور کگیسو ربادا اور سائمن ہارمر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز جاری ہے، جس میں کپتان ایڈن مارکرم 20، ریان رِکلیٹن 71 اور ویان مولڈر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو چکے ہیں، جب کہ اس وقت ٹونی ڈی زوراچی اور ٹریسٹن اسٹبز کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے 2 اور سلمان علی آغا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ہے۔