میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ کراچی، خصوصاً لیاری، فٹبال کے حوالے سے ایک منفرد شناخت رکھتا ہے اور یہاں بین الاقوامی معیار کے فٹبال گراؤنڈز موجود ہیں۔ ان کے مطابق لیاری میں دو ایسے فٹبال گراؤنڈز ہیں جن کے معیار سے متعلق فیفا کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لیاری کے نوجوان فٹبال سے غیر معمولی لگاؤ رکھتے ہیں اور اس کھیل میں بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ ان صلاحیتوں کو نکھارنے اور فٹبال کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ پروفیشنل گراؤنڈ میں بڑی اسکرین کی تنصیب علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی اور ترقی ان کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مستقبل میں پاکستانی فٹبال کو بین الاقوامی سطح پر بہتر نمائندگی کے مواقع مل سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ورلڈکپ 2026: کیا یہ منفرد ریکارڈ ٹوٹ پائے گا؟
یاد رہے کہ نبیل گبول نے حال ہی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران کہا تھا کہ اگر پاکستان کو کبھی فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کا موقع ملا تو لیاری میں موجود گراؤنڈز اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کراچی کا علاقہ لیاری طویل عرصے سے فٹبال کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ فٹبال سے غیر معمولی وابستگی کے باعث اسے "منی برازیل" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جہاں عالمی فٹبال مقابلوں خصوصاً برازیل اور ارجنٹینا کے میچز شائقین بڑی دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔







