کلب انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں اس معاہدے کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم مالی معاملات اور خریداری کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ کلب کا کہنا ہے کہ میسی کی شمولیت ادارے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے جو طویل المدتی ترقی، جدید اسپورٹس وژن اور مقامی کمیونٹی سے مضبوط روابط پر مبنی ہوگا۔
مزید کہا گیا ہے کہ اس سرمایہ کاری کا مقصد کلب کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا، یوتھ ڈیولپمنٹ کو فروغ دینا اور بین الاقوامی سطح پر اس کی پہچان کو مضبوط بنانا ہے۔
یو ای کورنیلا کی بنیاد 1951 میں رکھی گئی تھی اور یہ کلب اسپین کے فٹبال سسٹم میں اپنی ایک شناخت رکھتا ہے۔ کلب نے ماضی میں کئی نمایاں کھلاڑی تیار کیے ہیں، جن میں انگلینڈ کے گول کیپر ڈیوڈ رایا اور اسپین کے سابق ڈیفنڈر جورڈی آلبا شامل ہیں، جو بعد ازاں لیونل میسی کے ساتھ انٹر میامی میں بھی ایک ساتھ کھیل چکے ہیں۔
لیونل میسی کو فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے، بارسلونا کے ساتھ تقریباً دو دہائیاں گزاریں، اس دوران متعدد لیگ ٹائٹلز، چیمپئنز لیگ ٹائٹلز اور کئی بار فیفا بیلون ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کیے۔
وہ 2021 میں مالی و انتظامی مسائل کے باعث بارسلونا سے علیحدہ ہوئے اور بعد ازاں پیرس سینٹ جرمین سے ہوتے ہوئے موجودہ کلب انٹر میامی سے وابستہ ہو گئے۔
38 سالہ میسی اس وقت اپنے کیریئر کے آخری مرحلے میں ہیں اور عالمی فٹبال میں اپنی موجودگی کو ایک نئے انداز میں وسعت دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ آئندہ بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے قبل اپنی تیاری جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ارجنٹائن ٹیم عالمی سطح پر اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔







