سابق وکٹ کیپر بلے باز نے منگل دو دسمبر کو اپنے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور وہ زندگی کا مزہ لے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر 54 سالہ کرکٹر کی موت کے حوالے سے جھوٹی خبریں گردش کر رہی تھیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
اس خبر نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی، جس کے بعد خان نے ویڈیو کے ذریعے افواہوں کی تردید کی اور اس خبر کو پھیلانے والے شخص کی نشاندہی کی۔
اپنی انسٹاگرام سٹوری میں خان نے کہاکہ میں آج صبح سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کے ایک ٹکڑے پر توجہ دینا چاہتا ہوں، جو کہ غیر ذمہ داری کی واضح مثال ہے۔ میری صحت اور میری موت کے بارے میں پوسٹ کرنے والوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ الحمدللہ، میں بہت صحت مند ہوں۔
مداحوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ شرم آتی ہے ان تمام لوگوں پر جو سابق کپتان معین خان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، الحمدللہ وہ فٹ، ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
یاد رہے کہ معین خان نے 1990 سے 2004 تک قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ وہ 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن بھی تھے۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 سے زیادہ کیچز اور ون ڈے کرکٹ میں 3000 سے زائد رنز بنائے، جب کہ ون ڈے میں 200 سے زائد کیچز بھی کیے۔







