پی سی بی نے مائیکل اسمتھ کی تقرری کی تصدیق کر دی ہے۔ مائیکل اسمتھ ریڈ بال اور وائٹ بال، دونوں ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے۔ 46 سالہ مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

مائیکل اسمتھ نے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 7 ہزار 29 رنز بنائے، جبکہ اپنے کیریئر میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں اسکور کیں۔

مائیکل اسمتھ لیول فور کوچنگ کوالیفکیشن رکھتے ہیں اور تین ایچ بی ایل پی ایس ایل فرنچائزز کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی رواں سال کے آغاز سے اس عہدے کے لیے مستقل امیدوار کی تلاش میں تھا، اور اب بقیہ رسمی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد مائیکل اسمتھ کی تقرری کر دی گئی ہے۔

لیول فور کوالیفائیڈ کوچ اور جنوبی افریقا کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر مائیکل اسمتھ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، جس کے باعث وہ پاکستانی کرکٹ کے ماحول سے بخوبی واقف ہیں۔

پی سی بی نے مستقل بیٹنگ کوچ کی تلاش کے لیے مئی میں باقاعدہ اشتہار جاری کرتے ہوئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 7 جون تھی، جس کے بعد امیدواروں کا جائزہ لے کر شارٹ لسٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔

مائیکل اسمتھ کی تقرری حتمی شکل اختیار کر لینے کے بعد اب وہ رواں ماہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

واضح رہے کہ اپریل 2026 سے سابق ٹیسٹ بیٹر اسد شفیق عبوری بنیادوں پر بیٹنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کے معاون عملے کا بھی حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 19 اگست سے ہوگا۔