آئی پی ایل انتظامیہ کی جانب سے چیئرمین پی سی بی کو فائنل میچ دیکھنے کے لیے باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔محسن نقوی نے موصول ہونے والا دعوت نامہ وزیراعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے تاکہ موجودہ سیاسی اور سفارتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جا سکے۔
آئی پی ایل کا فائنل 31 مئی کو بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، جہاں دنیا بھر کی کرکٹ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ اسی دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم اجلاس بھی بھارت میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث اس دعوت کو کرکٹ سفارت کاری کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں منعقد کی جائے گی۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کو بورڈ میٹنگ میں شرکت کرنا ہے، تاہم پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے باعث ان کی شرکت تاحال غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزارتِ کھیل پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ دو طرفہ اسپورٹس مقابلوں کے لیے بھارتی ٹیمیں پاکستان کا دورہ نہیں کریں گی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط ایک مرتبہ پھر بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایل سی سی آئی کے زیر اہتمام پاکستان کا سب سے بڑا پیڈل ٹورنامنٹ شروع
کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر محسن نقوی بھارت جاتے ہیں تو یہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات میں نرم رویے کی علامت تصور کیا جا سکتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں کوئی بھی فیصلہ انتہائی احتیاط سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے دو طرفہ کرکٹ سیریز معطل ہیں اور دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی یا ایشین کرکٹ کونسل کے ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں، آئی پی ایل فائنل اور آئی سی سی اجلاسوں کے دوران ممکنہ ملاقاتوں کو بھی غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔







