پی سی بی کے مطابق ملتان سلطانز کی فرنچائز حاصل کرنے کے خواہشمند افراد اور اداروں کو بڈنگ کے عمل میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اشتہار کے تحت خواہشمند پارٹیز ملتان ٹیم کے فرنچائز رائٹس کے لیے اپنی بڈ جمع کرا سکتی ہیں۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ بڈنگ کے عمل میں شامل ہونے کے لیے سب سے پہلے ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانا ہوں گے، جن کے لیے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی ہے۔ پی سی بی کے مطابق جو بڈرز تکنیکی معیار پر پورا اتریں گے، انہیں اگلے مرحلے میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی، جہاں مالی بولی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: نیلامی میں کون حصہ لے گا اور نئی ٹیموں کے نام کیا ہوں گے؟

ذرائع کے مطابق پی سی بی شفاف اور مسابقتی بڈنگ کے ذریعے ملتان سلطانز کی فرنچائز کی فروخت یقینی بنانا چاہتا ہے، تاکہ لیگ کے معیار اور مالی استحکام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ حالیہ آکشن کے دوران پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے لیے دو نئی ٹیمیں بھی فروخت کی ہیں۔ پی سی ایل کے آئندہ سیزن، پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، جن میں نئی شامل ہونے والی حیدر آباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی تعداد میں اضافے سے لیگ مزید مسابقتی ہو گی اور شائقین کو زیادہ دلچسپ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، جبکہ فرنچائز ماڈل کے ذریعے پی ایس ایل کی کمرشل ویلیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔