متنازع ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو ایک بار پھر پاک-انڈیا میچ کے لیے ریفری تعینات کر دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے میچ سے قبل پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق اتوار کو ہونے والے اس اہم میچ سے پہلے پاکستان ٹیم نے موٹی ویشنل اسپیکر کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور انڈیا کل آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان ٹیم نے دبئی میں بھرپور تیاری کی ہے اور امکان ہے کہ ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیاں کی جائیں گی۔

پہلے میچ میں انڈیا کا پلڑا بھاری رہا تھا، شائقین اب پرجوش ہیں کہ دوسرے میچ میں کون سی ٹیم بازی مارے گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

ایشیا کپ میں انڈیا اب تک ناقابل شکست ہے جبکہ پاکستان کو واحد شکست انڈیا کے خلاف ہوئی۔ بڑے میچ سے قبل کپتان سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں بیٹنگ لائن کی ناکامی پر غور کیا گیا۔

ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ ڈاٹ بالز کم کی جائیں اور اسٹرائیک روٹیشن پر زور دیا جائے۔ بلے بازوں نے عزم ظاہر کیا کہ سپر فور مرحلے میں اپنی غلطیوں پر قابو پائیں گے۔

ٹیم نے پریکٹس سیشن میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔

میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور کم از کم قیمت 350 درہم یعنی تقریباً 27 ہزار روپے ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے 14 ستمبر کو ہونے والے چھٹے میچ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ نے بھارتی بورڈ کی ہدایت پر پاکستانی کپتان سوریا کمار یادیو کو ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا۔

میچ کے بعد انڈیا کی ٹیم نے بھی اسپورٹس مین اسپرٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان ٹیم سے ہاتھ نہیں ملایا جس کے جواب میں پاکستان مینجمنٹ نے کپتان سلمان علی آغا کو پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں نہ جانے کی ہدایت دی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بعدازاں آئی سی سی کو خط لکھ کر اینڈی پائیکرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم آئی سی سی نے جواب دیا کہ ’نو ہینڈ شیک‘ معاملے میں ریفری کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا۔

پی سی بی نے اس جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک اور خط بھی آئی سی سی کو بھیجا تھا اور واضح کیا تھا کہ اگر متنازع ریفری کو ایونٹ سے نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کرے گا۔