ہر ہاف کے وسط میں دیے جانے والے تین منٹ کے یہ وقفے کھلاڑیوں کو شدید گرمی میں پانی پینے اور آرام کا موقع فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے ہیں، لیکن شائقین کی بڑی تعداد نے انہیں ناپسند کیا اور اسٹیڈیم میں ہوٹنگ کی گئی۔
ڈلاس کے ایئرکنڈیشنڈ اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور کروشیا کے مداحوں نے مشترکہ طور پر ان وقفوں کے خلاف احتجاج کیا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ وقفے کھیل کے تسلسل کو متاثر کرتے ہیں اور فٹبال کے روایتی بہاؤ کو توڑ دیتے ہیں۔
کچھ شائقین نے الزام عائد کیا کہ یہ وقفے نشریاتی اداروں کے لیے اضافی اشتہارات دکھانے کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں، جس سے تجارتی مفادات کو فروغ ملتا ہے۔
FIFA hydration breaks spark backlash and blamed for killing momentum at World Cup https://t.co/oYeDvjju8a pic.twitter.com/dQ3SpKMbvj
— Greeley Trib Sports (@gtribsports) June 17, 2026
ایک مداح نے کہا کہ اگرچہ سخت گرمی میں یہ وقفے مفید ہو سکتے ہیں، لیکن ایئرکنڈیشنڈ اسٹیڈیم میں ان کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ ایک اور مداح کے مطابق “فٹبال کھیل کا حسن اس کے تسلسل میں ہے، اور یہ وقفے اسے متاثر کرتے ہیں۔”
یہ پہلی بار نہیں کہ ہائیڈریشن بریکس پر تنقید سامنے آئی ہو۔ ناروے اور عراق کے میچ سمیت سویڈن، تیونس، اسپین اور کیپ ورڈی کے مقابلوں میں بھی شائقین کی جانب سے اسی نوعیت کی ناراضی دیکھی گئی۔
کچھ مداحوں نے اسے کھیل کی “امریکی طرز کی تقسیم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے میچ چار حصوں میں بٹ جاتا ہے، جو فٹبال کی اصل روح کے خلاف ہے۔
دوسری جانب کھلاڑیوں اور کوچز کی بڑی تعداد ان وقفوں کو ضروری اور فائدہ مند قرار دے رہی ہے۔ انگلینڈ کے گول کیپر جوڈن پِکفورڈ کے مطابق گرم اور مرطوب حالات میں یہ وقفے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
تاہم انگلینڈ کے ڈیفنڈر نیکو او ریلی نے کہا کہ ٹیمیں حالات کے مطابق خود کو ڈھال چکی ہیں، جبکہ نیدرلینڈز کے کپتان ویرجل وین ڈائک نے بھی اعتراف کیا کہ یہ وقفے ٹی وی نشریات کے لیے غیر فطری محسوس ہوتے ہیں۔
فیفا کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا ہائیڈریشن بریکس آئندہ عالمی ٹورنامنٹس کا مستقل حصہ بنیں گے یا نہیں۔ یہ اقدام گزشتہ سال امریکا میں کھیلے گئے کلب ورلڈ کپ کے تجربات کے بعد متعارف کرایا گیا تھا۔
ماہرین اور شائقین میں اس حوالے سے بحث جاری ہے کہ آیا یہ وقفے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہیں یا پھر محض تجارتی اور نشریاتی مقاصد کو فروغ دیتے ہیں۔







