جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں واقع کاواساکی ہیوی انڈسٹریز ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز سے ہی کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں محمد عثمان نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، جس کے پانچ منٹ بعد عدیل نے ایک عمدہ فیلڈ موو مکمل کرتے ہوئے دوسرا گول اسکور کیا۔

پاکستانی ٹیم نے ابتدائی برتری کے بعد مسلسل دباؤ برقرار رکھا جبکہ چین کی ٹیم میچ میں واپسی کی کوششوں کے باوجود مؤثر حملے بنانے میں ناکام رہی۔ پہلے کوارٹر کے اختتام پر چین کو پنالٹی کارنر ملا، تاہم پاکستانی دفاع نے اسے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔

میچ کے آخری مرحلے میں چین کو مزید دو پنالٹی کارنرز ملے لیکن وہ بھی گول میں تبدیل نہ ہو سکے۔ پاکستان نے اختتامی لمحات میں ایک اور گول اسکور کر کے اپنی برتری مستحکم کی، جب یاسر سلمان نے پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے اسکور 0-3 کر دیا۔

اس فتح کے بعد پاکستان گروپ بی میں بہتر گول اوسط کی بنیاد پر سرفہرست آ گیا ہے، جہاں اس کے اور بنگلہ دیش کے 3، 3 پوائنٹس ہیں۔ پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ اتوار کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ تیسرا میچ 3 جون کو بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔