ویلنگٹن میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 41ویں اوور میں 222 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 45ویں اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ کی آدھی ٹیم صرف 44 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ اس موقع پر جوس بٹلر نے 38، جیمی اوورٹن نے 68 اور بریڈن کرس نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹاپ آرڈر بیٹرز میں جیمی اسمتھ پانچ، بین ڈکٹ آٹھ، جو روٹ دو، کپتان ہیری بروکس چھ اور جیکب بیتھل 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر نے چار، جیکب ڈفی نے تین، زیک فولکس نے دو، جب کہ مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے رچن روندرا 46 اور ڈیرل مچل 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیوون کونوے نے 34 جبکہ کپتان مچل سینٹنر نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔