دونوں ٹیمیں بدھ کو سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو کے اہم مقابلے میں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ مقابلے کے تحت آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
بلیک کیپس کا پہلا سپر ایٹ میچ اسی مقام پر پاکستان کے خلاف بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے باعث نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے یہ میچ جیتنا ناگزیر ہے۔
سینٹنر کی ٹیم گروپ مرحلہ انڈیا میں کھیلنے کے بعد ایک ہفتے سے سری لنکا کے دارالحکومت میں موجود ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سینٹنر نے کہا کہ دو ممالک میں ٹورنامنٹ کھیلنے کا چیلنج یہی ہوتا ہے۔ ہم نے چنئی اور احمد آباد میں فلیٹ پچوں پر کھیلا، یہاں ہمیں مختلف انداز اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اسکواڈ اسی سوچ کے ساتھ منتخب کیا گیا تھا کہ کہیں سست وکٹیں ملیں گی اور کہیں فلیٹ۔ خوشی ہے کہ ہمارے پاس اسپن کے مناسب آپشنز موجود ہیں، اصل بات جلد ایڈجسٹ کرنا ہے۔
Sri Lanka vs New Zealand in T20 World Cup - 🇱🇰 4-2 🇳🇿 💥#T20WC2026 | #SLvsNZ pic.twitter.com/kroMHjtuuZ
— ꜱᴘᴏʀᴛꜱ ᴡᴏʀʟᴅ 🌎 (@_mkverma) February 25, 2026
دوسری جانب سری لنکا کو اپنے افتتاحی سپر ایٹ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 51 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد میزبان ٹیم کے لیے یہ میچ بھی کرو یا مرو کی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔
سینٹنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ مضبوط حریف ثابت ہوتا ہے اور مقامی حالات پر گرفت رکھتا ہے۔
سری لنکن اسپنر ڈنتھ ویلالاگے نے کہا کہ ٹیم باقی دونوں میچ جیت کر مہم کو پٹری پر لاسکتی ہے۔ ہوم ورلڈ کپ ہمارے لیے بہت اہم ہے، شائقین بڑی تعداد میں آئے ہیں اور ہمیں سیمی فائنل تک رسائی پر یقین ہے، میچ لازمی جیتنا ہوگا۔
23 سالہ ویلالاگے نے کہا کہ سینئر بولرز کی عدم موجودگی میں ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف پاور پلے میں گیندبازی کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جن میں کپتان ہیری بروک کی وکٹ بھی شامل تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں باؤنڈریز روکنا اور لائن و لینتھ میں تنوع لانا کامیابی کی کنجی رہا۔
یاد رہے کہ سری لنکا نے 2014 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا تھا، تاہم حالیہ عالمی ایونٹس میں کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ نیوزی لینڈ کو ایک پوائنٹ حاصل ہے جب کہ سری لنکا گروپ میں آخری نمبر پر ہے۔
ماہرین کے مطابق اس میچ میں شکست نیوزی لینڈ کی سیمی فائنل امیدوں کو شدید دھچکا پہنچا سکتی ہے، اسی لیے دونوں ٹیموں کے لیے یہ مقابلہ ناک آؤٹ کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔







