یو ایس اوپن سے قبل اہم وارم اپ ٹورنامنٹ سمجھے جانے والے مونٹریال ماسٹرز کا انعقاد یکم سے 13 اگست تک کیا جائے گا، تاہم دو بڑے اسٹار کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔

اطالوی ٹینس اسٹار جینک سنر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم سے مشاورت کے بعد انہوں نے صحت کو ترجیح دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔

سنر کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے ایونٹ سے باہر رہنا مایوس کن ہے، تاہم وہ مستقبل میں دوبارہ مونٹریال میں کھیلنے کے خواہش مند ہیں۔

24 سالہ جینک سنر نے رواں ماہ ومبلڈن کے فائنل میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا پانچواں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا تھا۔

دوسری جانب 39 سالہ سربین اسٹار نوواک جوکووچ نے بھی مونٹریال ماسٹرز میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جوکووچ ومبلڈن کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے جہاں انہیں جینک سنر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دونوں بڑے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے بعد جرمنی کے الیگزینڈر زویریف کو ٹورنامنٹ کا ٹاپ سیڈ قرار دیا گیا ہے، جبکہ دیگر عالمی کھلاڑیوں کو بھی ٹائٹل جیتنے کا موقع ملے گا۔

مونٹریال ماسٹرز کو یو ایس اوپن سے قبل کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے اہم ایونٹ سمجھا جاتا ہے، جہاں عالمی درجہ بندی کے سرفہرست ٹینس اسٹارز اپنی فارم بہتر بنانے کے لیے شرکت کرتے ہیں۔