پی سی بی کے ترجمان نے بھارتی اسپورٹس صحافی وکرانت گپتا کے دعوؤں پر ردِعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی سے اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے بعض حلقے جان بوجھ کر غلط معلومات پھیلا کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’تھوڑا سا صبر کیا جائے، وقت خود ساری حقیقت سامنے لے آئے گا کہ اصل میں کس نے رابطہ کیا اور کس نے نہیں،پی سی بی ذمہ دارانہ اور شفاف انداز میں معاملات کو دیکھ رہا ہے اور کسی غیر مصدقہ خبر پر ردِعمل دینا مناسب نہیں سمجھتا۔
واضح رہے کہ بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ کر ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے میچوں کے بائیکاٹ کے معاملے پر مداخلت کی درخواست کی ہے، تاہم پی سی بی نے اس دعوے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
"I categorically reject the claim by Indian sports journalist Vikrant Gupta that PCB approached the ICC. As usual, sections of Indian media are busy circulating fiction. A little patience and time will clearly show who actually went knocking and who didn’t."
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) February 7, 2026
PCB Spokesperson Amir…
دوسری جانب پی سی بی کا مؤقف ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کو باہر کرنے کے فیصلے پر پاکستان نے پہلے ہی تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اسے جانبدارانہ اقدام قرار دیا تھا۔ اسی تناظر میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے میچوں کے بائیکاٹ کا اعلان سامنے آیا، جسے بھارتی میڈیا میں مختلف انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سے جڑے معاملات ماضی میں بھی سیاسی اور سفارتی تنازعات کی نذر ہوتے رہے ہیں، اور حالیہ بیانات بھی اسی سلسلے کی کڑی سمجھے جا رہے ہیں۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ بورڈ تمام فیصلے آئینی اور بین الاقوامی کرکٹ قوانین کے مطابق کرتا ہے اور کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا پروپیگنڈے کا بروقت جواب دیا جائے گا۔
پی سی بی نے شائقینِ کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے آنے والی اطلاعات کو اہمیت دیں۔ بورڈ کے مطابق آئندہ دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی اور تمام حقائق خود سامنے آ جائیں گے۔







