فٹبال کی دنیا میں بیلن ڈور کے لیے کئی بڑے نام زیرِ غور ہیں، تاہم ماضی کا ریکارڈ بتاتا ہے کہ یہ اعزاز عموماً اسی کھلاڑی کے حصے میں آتا ہے جو چیمپئنز لیگ یا کسی بڑی بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں نمایاں کردار ادا کرے
اس بار تمام نظریں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال پر مرکوز ہیں۔ 39 سالہ میسی ورلڈ کپ میں اب تک آٹھ گول اور چار اسسٹ کر چکے ہیں اور ارجنٹینا کو مسلسل دوسرے ورلڈ کپ فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اگر ارجنٹینا کامیاب ہو جاتا ہے تو میسی ریکارڈ نویں بیلن ڈور کے سب سے مضبوط امیدوار بن جائیں گے
دوسری جانب 19 سالہ لامین یامال نے اگرچہ ٹورنامنٹ میں صرف ایک گول کیا ہے، تاہم اسپین کو 2010 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ فائنل تک پہنچانے میں ان کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔ بارسلونا کے لیے بھی انہوں نے گزشتہ سیزن میں 24 گول اور 18 اسسٹ کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث اسپین کی فتح انہیں بیلن ڈور کی دوڑ میں نمایاں برتری دلا سکتی ہے۔
ادھر ہیری کین، کیلیان ایمباپے، ارلنگ ہالینڈ، عثمان ڈیمبیلے، مائیکل اولیسے، ڈیکلن رائس اور جوڈ بیلنگھم بھی مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں، تاہم ان میں سے بیشتر کی ٹیمیں ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی ہیں یا وہ بڑے بین الاقوامی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے ہیں، جس سے ان کے امکانات متاثر ہوئے ہیں
مزید پڑھیں: میسی نے ورلڈ کپ فکسنگ کے الزامات مسترد کر دیے؛ ہمیں کوئی مفت میں کچھ نہیں دیتا
فٹبال ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں بیلن ڈور کی دوڑ اتنی سخت کبھی نہیں رہی ایسے میں اتوار کو ہونے والا ورلڈ کپ فائنل نہ صرف نئے عالمی چیمپئن کا فیصلہ کرے گا بلکہ یہ بھی طے کر سکتا ہے کہ 2026 میں دنیا کے بہترین فٹبالر کا اعزاز کس کے سر سجے گا۔






