پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی فتح میں نَشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے شامل تھے۔ عائشہ ظفر نے 26، کپتان فاطمہ ثنا نے 24 رنز ناٹ آؤٹ اور توبا حسن نے 14 رنز بنائے۔

144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ کاری چان 30 اور یاسمین داسوانی 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ مزاحمت نہ کرسکیں۔

نَشرا سندھو کے علاوہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال اور اُمِ ہانی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے ایشیا کپ کے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف بھارت نے قومی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔