کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم پروٹیز کے 306 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سات وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز ہی بنا سکی، بارش کی وجہ سے بارہا متاثر ہونے والے میچ میں مزید کھیل ممکن نہ رہا جس کے باعث سے جنوبی افریقہ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 150 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔
جنوبی افریقہ کی لورا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی اننگز کے اختتام کے بعد بارش ایک بار پھر میچ میں رکاوٹ بنی، جس کے بعد مقابلے کو 20 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو جیت کے لیے 234 رنز کا نیا ہدف ملا، تاہم قومی ٹیم 20 اوورز میں صرف 83 رنز بنا سکی اور سات وکٹیں گنوا بیٹھی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ نواز 22، نتالیہ پرویز 20 رنز اور سدرہ امین 13 رنز بنا سکیں، دیگر بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل ہونے میں ناکام رہیں۔ یوں جنوبی افریقہ نے میچ 150 رنز کے واضح فرق سے اپنے نام کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم پورے ایونٹ میں ایک بھی کامیابی حاصل نہ کرسکی ،گرین شرٹس نے چھ میچز کھیلے، جن میں سے چار میں شکست کا سامنا کیا جب کہ دو میچ بارش کی نذر ہوئے۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق جنوبی افریقہ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور سیمی فائنل میں جگہ بناچکا ہے، جب کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی ٹاپ فور میں شامل ہیں۔
یاد رہے آج کے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔







