کوہلی نے 81 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں آٹھ دلکش چوکے شامل تھے۔ اس اننگز کے ساتھ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان کے مجموعی رنز کی تعداد اب 14,255 ہو گئی ہے۔

ویرات کوہلی نے اب تک 305 میچز میں 57.71 کی اوسط اور 93.26 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 75 نصف سنچریاں اور 51 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

اس کامیابی کے بعد سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جنہوں نے 404 میچوں میں 14,234 رنز بنائے تھے، جن میں 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل تھیں۔

ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اب بھی بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچز میں 18,426 رنز 44.83 کی اوسط سے اسکور کیے، جن میں 96 نصف سنچریاں اور 49 سنچریاں شامل ہیں۔

کوہلی کی یہ تاریخی اننگز اس میچ میں سامنے آئی جس میں انڈیا نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش ہونے سے خود کو محفوظ کیا اور سیریز دو ایک سے آسٹریلیا کے نام رہی۔

237 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا نے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 69 گیندیں قبل ہدف حاصل کیا۔ روہت شرما نے شاندار 121 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جب کہ ویرات کوہلی نے پُراعتماد نصف سنچری کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔