افغان اسکواڈ میں شامل 23 کھلاڑیوں میں سے 15 کے ویزے جاری ہوچکے ہیں، جب کہ باقی کھلاڑیوں کو آج ویزے ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کے علاوہ 10 آفیشلز کو بھی ویزے جاری کر دیے گئے ہیں، جب کہ دو اضافی آفیشلز کو بھی جلد ویزہ ملنے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ چند افغان فٹبالرز کو آن آرائیول ویزہ بھی دیا جا سکتا ہے
افغان ٹیم نے ویزوں کے لیے اپنی درخواستیں 25 سے 27 ستمبر کے دوران کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں جمع کرائی تھیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں سے 20 کھلاڑی بیرونِ ملک مقیم تھے، جب کہ صرف 3 کھلاڑی افغانستان کے شہری ہیں۔
ذرائع کے مطابق افغان حکام کی جانب سے تارکینِ وطن کھلاڑیوں کی بائیومیٹرک تصدیق کے لیے ابتدائی طور پر کابل ایمبیسی کو منتخب کیا گیا تھا، لیکن بعد میں بائیومیٹرک کے لیے کسی دوسری پاکستانی ایمبیسی کی درخواست کی گئی۔
بائیومیٹرک مقام کی تبدیلی اور کابل میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کے باعث ویزوں کے اجرا میں تاخیر ہوئی اور اگر افغان ٹیم وقت پر پاکستان نہ پہنچ پاتی تو اس پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا تھا۔
یاد رہے کہ پاک–افغان فٹبال میچ کل دوپہر دو بجے جناح اسٹیڈیم، اسلام آباد میں شیڈول ہے۔







