سرکاری ٹی وی  کے مطابق وزیر اعظم نے انڈیا کے خلاف ایشیا کپ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والی قومی انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے تمام کھلاڑیوں کا ذاتی استقبال کیا اور فرداً فرداً ان سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے مارجن سے حاصل شدہ کامیابی بلا شبہ محنت، لگن اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وزیراعظم نے ٹیم کے کھلاڑیوں، مینجمنٹ اور سپورٹنگ اسٹاف کو بھی مبارکباد پیش کی اور خاص طور پر سمیر منہاس کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

واضح رہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم نے فائنل میں روایتی حریف انڈیا کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔ فاتح نوجوان شاہینوں کا وطن واپسی پر پُرجوش استقبال کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہر کھلاڑی کو ایک ایک کروڑ روپے اور ٹیم مینجمنٹ کے ہر رکن کو 25 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی ہر کھلاڑی کے لیے 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔