پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت اور دستیابی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعہ 16 جنوری سے شروع ہو گی۔ آن لائن ٹکٹس پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کیے جا سکیں گے، جب کہ فزیکل ٹکٹیں 19 جنوری بروز پیر سے ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔
Tickets for Pakistan 🆚 Australia T20I series to go on sale from 16 January 📢
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 15, 2026
🎟️ Physical tickets can be bought at TCS Express Centres from 19 January 🏟️
🔗 https://t.co/r1Y5gXriiG#PAKvAUS | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/S2nsvjan4m
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 29 جنوری، دوسرا میچ 31 جنوری اور تیسرا میچ یکم فروری کو کھیلا جائے گا، جب کہ تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شام چھ بجے شروع ہوں گے، جس کے لیے آسٹریلوی ٹیم 28 جنوری کو لاہور پہنچے گی۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 400 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ پہلے اور اگلے دو میچز میں ایک ہی کیٹیگری کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں بھی فرق رکھا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 29 جنوری کو کھیلے جانے والے پہلے میچ کے ٹکٹوں کی قیمت بقیہ دو میچوں کے مقابلے میں نسبتاً کم رکھی گئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق اس روز وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 800 روپے، پریمیئم 600، فرسٹ کلاس 500، جنرل 400 اور وی آئی پی فار اینڈ 1500 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ اسی روز قذافی اسٹیڈیم وی آئی پی نیو پویلین کا ٹکٹ 2000 روپے اور ہوسپیٹیلٹی گیلری کا ٹکٹ 5000 روپے میں دستیاب ہو گا۔
Tickets for Australia T20I series to go on sale from 16 January
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) January 15, 2026
Details here ➡️ https://t.co/cQ7xSuFwjH#PAKvAUS
پی سی بی کے مطابق 31 جنوری اور یکم فروری کے میچز کے لیے وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے، پریمیئم 700، فرسٹ کلاس 600، جنرل 500، وی آئی پی فار اینڈ 2000، وی آئی پی نیو پویلین 2500 جب کہ ہوسپیٹیلٹی گیلری کے ٹکٹ کی قیمت 6000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد ٹکٹیں خرید لیں، کیوں کہ یہ میچز شائقین کے لیے انتہائی دلچسپی کا باعث ہیں۔ خصوصاً ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل دونوں ٹیموں کے لیے یہ اہم مشقیں ہیں۔
اس سیریز میں مفت داخلہ یا خصوصی رعایت نہیں ہے، البتہ مختلف انکلوژرز کی قیمتیں شائقین کے لیے نسبتاً مناسب رکھی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس ہائی وولٹیج مقابلے کا حصہ بنایا جا سکے۔







