پی سی بی کے مطابق سیریز کے ٹکٹس منگل سے دستیاب ہوں گے اور شائقین دوپہر 12 بجے سے پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن خرید سکیں گے۔ ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹس خریدنے کی اجازت ہوگی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز 11، 13 اور 15 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

 جنرل انکلوژرز کے ٹکٹس پہلے دو میچز کے لیے 200 روپے جب کہ تیسرے میچ کے لیے 300 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹس 300 اور 400 روپے، پریمیم انکلوژرز کے 400 اور 500 روپے جب کہ وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹس 500 اور 600 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے دوران شائقینِ کرکٹ کے لیے سیکیورٹی اور سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ وہ پرامن ماحول میں کرکٹ سے لطف اندوز ہو سکیں۔