خلیج ٹائمز کے مطابق فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے اور جمعہ 26 ستمبر تک ہائی اسٹینڈ کے ٹکٹ 350 درہم میں دستیاب ہیں جبکہ ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمت 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کی ذمے دار ویب سائٹ پلاٹینم لسٹ پر ایک پیشکش دی گئی ہے جس کے تحت شائقین کرکٹ تین پریمیم ٹکٹ دو کی قیمت میں حاصل کر سکتے ہیں۔

اس اسکیم کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ میچ سے چند گھنٹے قبل بھی کرکٹ کے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں موجود ہوں۔

یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی جاری ہے۔ اس کشیدگی کا اثر کھلاڑیوں کے رویے پر بھی دیکھنے کو ملا ہے۔

Image
اب تک کے میچز اور اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے انڈیا کو فائنل میں برتری حاصل ہے۔ (تصویر: اے سپورٹ)

ابتدائی دونوں میچوں کے بعد کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔ پہلے میچ کے بعد انڈین کپتان سوریا کمار یادو پر سیاسی گفتگو کا الزام لگا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو جارحانہ انداز میں جشن منانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے ان تمام معاملات کے باوجود کھلاڑیوں کو کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انڈیا کو شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ ہمیں انڈیا کو زیادہ دیر تک دباؤ میں رکھنا ہوگا کیونکہ وہ اس وقت دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے۔

اب تک کے میچز اور اعداد و شمار کو دیکھتے ہوئے انڈیا کو فائنل میں برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے صرف 127  رنز پر نو وکٹیں گنوائیں تھیں جس کا انڈیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے تعاقب کیا۔ دوسرے میچ میں اگرچہ پاکستان کی کارکردگی بہتر رہی لیکن انڈیا نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

واضع رہے کہ منتظمین کے مطابق سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور دبئی پولیس سمیت ڈی ایچ ایس کی ٹیمیں اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات ہوں گی۔ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے میچ کے دوران ریسکیو عملہ بھی الرٹ رہے گا۔

متعلقہ حکام کے مطابق شائقین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد ٹکٹ خرید کر اسٹیڈیم آمد کی تیاری کریں کیونکہ آخری لمحات میں رش کے باعث مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔